سری نگر : جموں وکشمیر میں انتظامی کونسل نے منتخب بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئرپرسنز، سرپنچوں، پنچوں اور جموں و کشمیر کے میونسپل اداروں کے ارکان کے لئے ملی ٹینسی سے متعلق واقعات میں ہلاکت کی صورت میں 25 لاکھ روپے کی بیمہ پالیسی کے دائرے میں لانے کو منظوری دے دی ہے ۔سرکاری ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کی صدارت میں منعقد ہونے والی انتظامی کونسل کی ایک میٹنگ میں لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیصلے کا مقصد بنیادی جمہوری اداروں کو مستحکم بنا کر ان اداروں کے منتخب ارکان کو احساس تحفظ فراہم کرنا ہے جنہیں ملی ٹینٹوں سے متواتر خطرہ لاحق ہے ۔زندگی بیمہ ملی ٹینسی سے متعلق واقعات میں ہلاک ہونے کی صورت میں منتخب نمائندوں کے اہل خانہ کے لئے روزی کی ضمانت فراہم ہوگی تاکہ اُن کے اہل خانہ کسی مالی مشکل کا شکار نہ ہو سکیں اور اُن کی بنیادی ضروریات مشکل حالات میں بھی پوری ہوسکیں۔دریں اثنا انتظامی کونسل نے جموں کشمیر مائینر منرل کنسیشن، سٹوریج، ٹرانسپورٹیشن آف منرلز اینڈ پروینشن آف اللیگل مائیننگ رولز، 2016 میں ترمیم کو منظوری دی ہے ۔اس ترمیم سے 30 ستمبر 2021 تک ایک ہیکٹر اراضی پر پنچایتی راج اداروں کو کان کنی کے لئے قلیل مدتی پرمٹ فراہم کئے جائیں گے اور ان اداروں کو کان کنی شروع کرنے سے قبل جیالوجی اینڈ مائیننگ محکمہ کو پیشگی ادائیگی کرنے میں بھی چھوٹ دی جا ئے گی۔ایڈمنسٹریٹو کونسل نے محکمہ جیالوجی اینڈ مائیننگ کو پنچایتوں کی جانب سے مجاز حکام سے کان کنی منصوبوں، ماحولیاتی کلیرنس وغیرہ کے لئے درخواستیں دینے کی بھی اجازت دی ہے ۔فیصلے کا مقصد پنچایتی راج اداروں کو کان کنی سے رقومات کا حصول یقینی بنانا اور مقامی بازاروں میں اہم تعمیراتی مواد کی قلت کو دور کرنا اور قیمتوں کو اعتدال پر رکھنا ہے