جموں ۔20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )جموں وکشمیرکرکٹ اسوسی ایشن (جے کے سی اے) اپنی ٹیم کو وشاکھا پٹنم میں ہونے والی وجے ٹرافی میں نہیں بھیجے گی کیونکہ انہیں گورنرستیہ پال ملک سے کھلاڑیوں کے تحفظ کی طمانیت نہیں ملی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آرٹیکل 370 کے ختم ہونے کے بعد سے جموں وکشمیرکے کئی کھلاڑیوں سے رابطہ نہیں ہوپا رہا ہے۔ جموں وکشمیرکرکٹ اسوسی ایشن اپنے کھلاڑیوں کیساتھ رابطہ میں نہیں ہے، جس میں کپتان پرویزرسول بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ کشمیرمیں آرٹیکل 370 ہٹنے کے بعد سے دفعہ 144 نافذ ہے اورسیکورٹی کے لحاظ سے کافی وقت تک ریاست کی موبائل اورانٹرنیٹ خدمات بھی بند رکھی گئی ہیں۔ جموں وکشمیرکرکٹ اسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیوشاہ بخاری نے کہا ہم شاید ہی وجے ٹرافی میں شرکت کرپائیں گے۔ حالات بہتری ہوئی تو ہے لیکن ہمارا اپنے کھلاڑیوں سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ ہمارے پاس کھلاڑیوں کے موبائل نمبر ہیں، لیکن انہوں نے اپنے لینڈ لائن نمبرہمیں نہیں دیئے ہیں۔ آج کے زمانے میں لوگ لینڈ لائن استعمال نہیں کرتے ہیں۔ ہم نے کچھ کھلاڑیوں سے بات ضرورکی، لیکن جوکھلاڑی وادی میں ہیں ہم ان سے رابطہ نہیں کرپارہے ہیں کیونکہ ان کے موبائل فون کام نہیں کررہے ہیں۔ ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ کپتان پرویزرسول کہاں ہیں۔یاد رہے کہ وجے ٹرافی میں کئی ریاستی اسوسی ایشن کی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ اس ٹرافی کا انعقاد نئے کھلاڑیوں کی تلاش اورمیچ پریکٹس کیلئے آندھرا کرکٹ اسوسی ایشن کرتی ہے۔ آندھرا کرکٹ اسوسی ایشن نے جموں وکشمیرکرکٹ اسوسی ایشن کی شرکت کیلئے17 اگست تک انتظارکیا، لیکن ریاست کی اسوسی ایشن اپنے کھلاڑیوں سے رابطہ ہی نہیں کر پائی۔ جموں وکشمیرکی ٹیم کواس ٹرافی سے پہلے 10 پریکٹس میچ کھیلنے تھے، لیکن وادی میں حالات تبدیل ہونے کے بعد ایسا نہیں ہوسکا۔ ریاست کی ٹیم صرف 4 پریکٹس میچ ہی کھیل سکی اوراس کے بعد فون اورانٹرنیٹ خدمات بند ہونے سے کھلاڑیوں کے ساتھ رابطہ ہی منقطع ہوگیا۔