جموں و کشمیر:کورونا لاک ڈائون سے ہر سو خوف و خاموشی اور سناٹا

   

سرینگر: کورونا وائرس کی دوسری لہر کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہو رہے اضافے کے پیش نظر جہاں جموں و کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن ہر گذرتے دن کے ساتھ سخت سے سخت تر ہو رہا ہے وہیں لوگوں میں بھی تشویش و اضطرابی ماحول سنگین سے سنگین تر ہوتا جا رہا ہے۔ جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں اتوار کو مسلسل تیسرے روز بھی مکمل لاک ڈاؤن جاری رہا جس کے باعث سری نگر اور جموں شہروں سے لے کر دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں تمام تر معمولات زندگی ٹھپ رہے اور ہر طرف خوف وخاموشی کا ماحول طاری رہاجنہوں نے اتوار کو سری نگر کے بعض علاقوں کا دورہ کیا، نے بتایا کہ شہر میں ہر سو سناٹا چھایا ہوا ہے اور ہر اتوار کو ٹی آر سی کراسنگ سے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ تک سنجنے والا سنڈے مارکیٹ بھی مسلسل دوسری اتوار کو بھی بند رہا۔انہوں نے بتایا کہ یہ مشہور مارکیٹ گذشتہ اتوار کو 34 گھنٹوں تک جاری رہنے والے ’کورنا کرفیو‘ کے سبب بند تھا۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر جہاں انتظامیہ لاک ڈاؤن کو مزید سخت کر رہی ہے وہیں لوگوں میں بھی فکر وتشویش کی لہر تیز ہو رہی ہے ۔موصوف نامہ نگار نے بتایا کہ ضروری چیزیں فروخت کرنے والی دکانیں جیسے سبزی فروش وغیرہ اگرچہ کہیں کہیں کھلے تھے لیکن پولیس اہلکار ان کے پاس بھیڑ جمع نہیں ہونے دے رہے ہیں۔ یاد رہیکہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے ضروری اشیا فروخت کرنے والی دکانوں کو لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ رکھا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل مکمل طور پر بند تھی تاہم ان اکا دکا گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جا رہی تھی جن میں بیمار ڈاکٹروں یا ہاسپٹل جا رہے تھے ۔وادی کے دیگر جملہ ضلع و تحصیل صدر مقامات سے بھی اسی نوعیت کی اطلاعات ہیں لوگ گھروں میں ہی محصور ہیں اور انتظامیہ بھی سماجی دوری کو یقینی بنانے کیلئے لوگوں کو متواتر ہدایات بھی دے رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں کے تمام اضلاع میں بھی مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے جس سے ہر طرف خاموشی کا ماحول سایہ فگن ہے ۔صوبہ کے سبھی دس اضلاع میں تمام تر کاروباری سرگرمیاں معطل اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بند ہے ۔بتا دیں کہ جموں وکشمیر حکومت نے کورونا لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جمعرات کی شام سے یونین ٹریٹری کے گیارہ اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کو جمعے کی شام سے بڑھا کر سبھی بیس اضلاع میں نافذ کر دیا گیا۔تاہم حکومت نے ہفتے کی شام اعلان کیا کہ یونین ٹریٹری کے چار اضلاع سری نگر، بارہمولہ، بڈگام اور جموں میں 3 مئی کی صبح سات بجے ختم ہونے والے کورونا کرفیو میں 6 مئی تک توسیع کی گئی ہے ۔