جموں، 26 جنوری (یو این آئی) جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یوم جمہوریہ کے موقع پر شہیدوں، ملی ٹنسی اور قدرتی آفات و المناک واقعات کے متاثرین کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بہادری اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور نے دنیا کو یہ پیغام بھیجا کہ دہشت گردی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پیر کو یہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقد یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ملوث پاکستانی دہشت گردوں کے خاتمے پر مسلح افواج کی ستائش کی اور اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ منوج سنہا نے حالیہ قدرتی آفات کے باعث ہونے والے جانی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بحران کے دوران مسلسل ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں کے لئے سیکورٹی فورسز، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کا شکریہ ادا کیا۔