90 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی کیلئے /18 ستمبر سے تین مرحلوں میں پولنگ ، 4 اکٹوبر کو ووٹوں کی گنتی
نئی دہلی :الیکشن کمیشن نے جمعہ کو جموں و کشمیر اور ہریانہ اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔ جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں 18 ستمبر ، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ، جب کہ ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ریاست کی تمام 90 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ دونوں ریاستی اسمبلیوں کے ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابی مدت کو لوک سبھا انتخابات سے کم رکھا گیا ہے ۔ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں لوک سبھا کے انتخابات پانچ مرحلوں میں کرائے گئے تھے ۔راجیو کمار نے کہا کہ 90 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 نشستوں کے لیے 20 اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، یعنی امرناتھ جی یاترا کے اختتام کے اگلے دن اور کاغذات نامزدگی 27 اگست تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اگست ہوگی۔ جموں و کشمیر میں جنرل زمرہ کے لیے 74 نشستیں، درج فہرست ذات کے لیے سات اور درج فہرست قبائل کے لیے نو نشستیں محفوظ ہیں۔ جموں و کشمیر میں 5 اگست، 2019 کو، آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں، جموں و کشمیر اور لداخ میں دوبارہ منظم کیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے ریاست میں سال 2014 میں آخری بار اسمبلی انتخابات ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کی 26 نشستوں کے لیے 25 ستمبر کو انتخابات ہوں گے جس کے لیے 29 اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں 5 ستمبر تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جاسکتے ہیں، 6 ستمبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 9 ستمبر ہوگی۔ تیسرے اور آخری مرحلے میں یکم اکتوبر کو 40 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ اس کا نوٹیفکیشن 5 ستمبر کو جاری کیا جائے گا اور نامزدگی 12 ستمبر تک کی جا سکے گی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 ستمبر کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 17 ستمبر ہوگی۔