جموں و کشمیر: جاری ’کورونا کرفیو‘ میں مزید ایک ہفتے کی توسیع

   

سری نگر، 9 مئی (یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے اس یونین ٹریٹری میں نافذ ‘کورونا کرفیو’ میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے ۔حکومت نے کہا ہے کہ ‘کورونا کرفیو’ سخت ہوگا تاہم لازمی اور ایمرجنسی خدمات کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے نیز شادی کی تقریبات میں محض 20 لوگوں کو ہی جمع ہونے کی اجازت دی گئی ہے ۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا گیا: ‘جموں و کشمیر کے سبھی 20 اضلاع میں نافذ کورونا کرفیو میں مزید سات دنوں کی توسیع کی گئی ہے ۔ یعنی اب یہ کرفیو 17 مئی کی صبح سات بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ کرفیو سخت ہوگا لیکن لازمی اور ایمرجنسی خدمات مستثنیٰ ہوں گی’۔ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا: ‘مزید یہ کہ شادیوں کی تقریبات میں آج یعنی 9 مئی سے صرف 25 لوگوں کو ہی جمع ہونے کی اجازت ہوگی’۔دریں اثنا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہو رہے اضافے کے پیش نظر جہاں جموں و کشمیر میں جاری ‘کورونا کرفیو’ ہر گذرتے دن کے ساتھ سخت سے سخت تر ہو رہا ہے وہیں لوگوں میں بھی تشویش و اضطرابی ماحول سنگین سے سنگین تر ہوتا جا رہا ہے ۔جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں اتوار کو مسلسل 11 ویں روز بھی کہیں مکمل تو کہیں جزوی لاک ڈاؤن جاری رہا جس کے باعث سری نگر اور جموں شہروں سے لے کر دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں معمولات زندگی ٹھپ رہے اور ہر طرف خوف وخاموشی کا ماحول طاری رہا۔