تلاشی مہم کے دوران سیکوریٹی فورسیس پر دستی بم حملے کے بعد ایک شخص کے گھر میں گھس کر فائرنگ کا تبادلہ
رام بن / جموں ۔ 28 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں ۔ کشتواڑ قومی شاہراہ پر علاقہ بٹوٹے میں پیش آئے ایک خوفناک انکاؤنٹر میں تین دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا اورایک فوجی جوان کی موت واقع ہوئی ۔ ایک فوجی افسر نے کہا کہ رات کے پچھلے پہر یہ انکاونٹر شروع ہوا تھا جو شام تک جاری رہا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ ضلع رام بن کے ہائی وے پر واقع ٹاؤن میں پہلے ہوئے انکاؤنٹر کے مقام سے فرار ہونے کے بعد ان دہشت گردوں نے مرکزی بازار کے قریب واقع ایک گھر میں پناہ لے لیا تھا اور تلاشی مہم کے دوران وہ سیکوریٹی فورسیس کے محاصرہ میں آگئے تھے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ مالک مکان وجئے کمار بھی پھنس گئے ہیں ۔ جموں میں موجود فوجی پی آر او لیفٹننٹ کرنل دیویندر آنند نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ ہم نے تین دہشت گردوں کو ایک انکاؤنٹر میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک کردیا ۔ ان کارروائیوں میں ایک سپاہی شہید ہوگیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی مہم ہنوز جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جارہا ہے ۔ قبل ازیں ایک پولیس ترجمان نے کہا تھا کہ اس ٹاؤن میں پانچ دہشت گرد پھنس گئے تھے ۔ ان روپوش دہشت گردوں نے فوج کی سریع العمل ٹیم کو آج صبح اپنی فائرنگ کا نشانہ بناتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن سیکوریٹی فورسیس نے تعاقب کے بعد اس گھر کا محاصرہ کرلیا جس میں وہ گھسنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ روپوش دہشت گردوں اور سیکوریٹی فورسس کے درمیان دوپہر ایک بجے پھر ایک مرتبہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا ۔ حالانکہ ناسازگار موسمی حالات کے باوجود گھروں کی تلاشی کی مہم میں شدت پیدا کردی گئی تھی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ دہشت گردوں کے داخلے سے بے خبر مالک مکان بھی خود اپنے ہی گھر میں پھنس گئے ہیں جنہیں بحفاظت باہر نکالنے کی کوشش کی گئی ۔ ان دہشت گردوں نے ہفتہ کی صبح موضع دمارمنڈ میں سریع العمل ٹیم سے وابستہ سیکوریٹی فورسیس پر دستی بم پھینکا تھا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا تھا ۔