کرناٹک کیساتھ فائنل ڈرا۔ پہلی اننگز کی سبقت پر چمپئن شپ کا فیصلہ ۔ سیزن میں 60 وکٹ لینے والے فاسٹ بولر عاقب نبی کو سیریز ایوارڈ
ہبلی، 28فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر کی ٹیم نے آج ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے ۔ ہفتہ کو پانچویں دن کرناٹک کے خلاف فائنل مقابلہ ڈرا ہونے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر نے نئے رنجی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ جموں و کشمیر کے لیے یہ کامیابی اس لیے بھی یادگار رہی کیونکہ سرحدی ریاست کے چیف منسٹر عمر عبداللہ اس تاریخی لمحے کے عینی شاہد بننے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھے ۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے شبھم پنڈیر کو ’پلیئر آف دی میچ‘ اور پوری سیریز میں 245رن بنانے کے ساتھ ساتھ 60 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر عاقب نبی کو پلیئر آف دی سیریزکا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ تاریخی لمحہ دیکھنے کے لیے جموں وکشمیر کے وزیرا علیٰ عمر عبداللہ، ایم ایل اے تنویر صادق اور مشیر اعلیٰ ناصر اسلم وانی بھی گزشتہ شام ہی ہبلی پہنچ گئے تھے ۔ اسٹیڈیم میں ان کی موجودگی نہ صرف ٹیم کے لیے حوصلہ بڑھانے کا باعث بنی بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے بھی فخر کا لمحہ ثابت ہوئی، جو ٹی وی اور موبائل اسکرینوں کے ذریعے اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔ جموں و کشمیر کے کپتان پارس ڈوگرا نے جیسے ہی اپنی دوسری اننگز 4 وکٹوں پر 342رن بنا کر ڈکلیئر کی، کھلاڑی میدان میں جشن منانے لگے ۔ مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے 2:10بج رہے تھے جب دونوں کپتانوں نے ہاتھ ملانے کا فیصلہ کیا اور جموں و کشمیر نے پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر باوقار خطاب اپنے نام کرلیا۔ جموں و کشمیر کو یہ ناممکن جیت حاصل کرنے میں 67 سال لگ گئے ، لیکن آخر کار یہ خواب حقیقت بن گیا۔ آٹھ بار کی چمپئن کرناٹک کے خلاف اپنا پہلا فائنل کھیلنا ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن ٹیم نے بیاٹ اور گیند دونوں سے غلبہ حاصل کر کے کرناٹک کو روک دیا۔ ٹاس جیتنے کے بعد پہلی اننگز میں شبھم پنڈیر کی سنچری (121) اور عاقب نبی کی پانچ وکٹوں (23-7-54-5) نے کرناٹک کو بیک فٹ پر دھکیل دیا تھا۔ جموں و کشمیر کی دوسری اننگز میں کامران اقبال نے 311 گیندوں پر 16چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 160 رن بنائے ، جبکہ ساحل لوتھرا نے 226 گیندوں میں 8چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 101 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ جموں و کشمیر کی اس تاریخی جیت پر کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر متھن منہاس نے ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ جموں کی پیدائش والے متھن منہاس دہلی ٹیم کیلئے کھیلنے کے بعد جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کو منتقل ہوگئے اور جے اینڈ کے رنجی ٹیم کی نمائندگی کی۔ بعد میں وہ جے اینڈ کے کرکٹ اسوسی ایشن سے جڑے رہے اور اسٹیٹ رنجی ٹیم کے فروغ میں اُن کا نمایاں رول رہا ہے۔ آج خطابی جیت کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں نے متھن منہاس کو ہاتھوں میں اٹھالیا اور خوشی منائی۔ فاتح کپتان پارس ڈوگرا کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس جیت کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ جوں ہی یہ اعلان ہوا کہ جموں و کشمیر چمپئن بن چکا ہے، پورے یونین ٹیریٹری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سڑکوں، گھروں اور بازاروں میں نوجوان اپنے موبائل فونز لہراتے، پٹاخے جلاتے اور نعروں لگاتے ہوئے اس کامیابی کا جشن منا رہے تھے۔ سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیامات کی بھرمار ہوگئی۔ مختلف حصوں سے ٹیم کو مبارکباد دی جارہی ہے۔
مختصر اسکور درج ذیل ہے : جموں و کشمیر: 584 اور 342/4 (اننگز ڈکلیئر) ، کرناٹک: 293 رن ۔