بڈگام نشست وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کے استعفیٰ سے مخلوعہ ، آغا سید محسن نئے امیدوار
سرینگر،15 اکتوبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے چہارشنبہ کے روز جموں وکشمیر میں اگلے ماہ منعقد ہونے والے اسمبلی ضمنی انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔پارٹی نے بڈگام نشست کیلئے آغا سید محسن اور نگروٹہ سیٹ کیلئے دیویانی رانا کو میدان میں اُتارا ہے ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر دہلی سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ نام بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے منظور کئے ہیں۔آغا سید محسن، جو پارٹی کے بڈگام کے سابق ضلع صدر رہ چکے ہیں،بڈگام نشست سے اپنی قسمت آزمائی کریں گے جبکہ دیویانی رانا، جو بی جے پی لیڈر مرحوم دیویندر سنگھ رانا کی بیٹی ہیں، نگروٹہ سیٹ سے امید وار ہوں گی۔یاد رہے کہ بی جے پی نے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں بڈگام سیٹ سے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ بڈگام اسمبلی نشست اس وقت خالی ہوئی تھی جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جنہوں نے دو نشستوں بڈگام اور گاندربل سے چنائو لڑا تھا اور دونوں پر کامیابی حاصل کی تھی نے بعد میں گاندر بل نشست کو بر قرار رکھا تھا اور بڈگام نشست سے مستعفی ہوئے تھے جبکہ نگروٹہ کی نشست بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔عمر عبداللہ نے35,804 ووٹ حاصل کرکے پی ڈی پی کے آغا منتظر جو آغا روح اللہ کے قریبی رشتہ دار ہیں کو شکست دی تھی جنہوں نے17,445 ووٹ حاصل کئے تھے ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں یہ ضمنی انتخابات عوامی رجحان کا پیمانہ ثابت ہوں گے کیونکہ حکومت کی تشکیل کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بڈگام کا نتیجہ نیشنل کانفرنس کی انتخابی قوت کا امتحان ہوگا جبکہ نگروٹہ میں بی جے پی کے اثر و رسوخ کی جانچ ہوگی۔
بارہمولہ کیلئے کروڑوں روپیوں کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
سرینگر۔15 اکتوبر ۔ ( یو این آئی ) جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے چہارشنبہ کے روز ضلع بارہمولہ کیلئے 5.24 کروڑ روپیوں کی لاگت کے کئی ترقیاتی منصوبوں کا ای افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے ضلع میں بنیادی ڈھانچے اور بجلی کے شعبے کو مزید فروغ ملے گا۔یہ جانکاری وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی گئی۔