جموں : جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اس کے دروازے حال ہی میں بالی وڈ کے لیے اُس وقت کھول دیے گئے جب اس میں ‘مہارانی’ نامی ویب سیریز کے ایک منظر کو شوٹ کیا گیا۔جموں میں قانون ساز اسمبلی کے اندر 4 اپریل کو ویب سیریز ‘مہارانی’ جس میں معروف فلممی اداکارہ ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں، کے ایک منظر کی شوٹنگ کی گئی۔حکام کی طرف سے قانون ساز اسمبلی میں ویب سیریز کے منظر کو شوٹ کرنے کی اجازت دینا بالی وڈ فلم انڈسٹری کو جموں وکشمیر میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی ہے ۔ایک ادا کار نے یو این آئی کو بتایا: ‘جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار قانون ساز اسمبلی میں کسی فلم کی شوٹنگ کی گئی۔ اس سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے حکومت، جموں و کشمیر کو فلموں کی شوٹنگ کا مرکز بنانے میں کس قدر سنجیدہ ہے ‘۔ اسمبلی ہال میں شوٹ کئے گئے منظر میں دکھایا گیا ہے کہ: ‘جموں و کشمیر اسمبلی اچانک شروع ہوجاتی ہے اور حزب اختلاف کے مشتعل ارکان اسمبلی کا آمنا سامنا ہوتا ہے ، اسپیکر انہیں بار بار ہاؤس کا تقدس بحال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ (جس کا رول ہما قریشی ادا کرتی ہیں) کی تقریر سننے کو کہتا ہے لیکن جب وہ نہیں مانتے ہیں تو انہیں اسمبلی ہال سے باہر نکالا جاتا ہے ‘۔