سری نگر : جموں و کشمیر میں جمعہکو کورونا وائرس کے سایے میں ‘بیک ٹو ولیج’ پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے ۔ اس پروگرام کو شروع کرنے کے لئے مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش یعنی دو اکتوبر کو چنا گیا تھا۔اس نوعیت کے گذشتہ دو پروگراموں کی طرح اس تیسرے پروگرام کے دوران بھی افسران خود لوگوں کے بیچ جا کر بنیادی سطح پر تعمیر وترقی کے کاموں کا جائزہ لیں گے اور لوگوں کی شکایات و مشکلات کو سن کر ان کو برسر موقع ہی حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔یونین ٹریٹری انتظامیہ کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘آج سے “بیک ٹو ولیج” پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع ہو رہا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کے 4290پنچایتوں کے لوگ اس تیسرے مرحلے میں بھی بھرپور حصہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایات کے ازالے اور ترقیاتی کاموں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے حکومت نے 450 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ادھر ‘بیک ٹو ولیج’ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے آغاز سے قبل ہی آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس نے اپنے مطالبات کے حق میں یونین ٹریٹری کے دونوں دارالحکومتوں جموں اور سری نگر میں احتجاج کیا تھا۔