سری نگر۔ کورونا کیسز میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے بلدیاتی حدود کے اندر واقع بازاروں میں ایک کے بعد دوسرے دن صرف 50 فیصد دکانوں کو کھلے رکھنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کو صرف پچاس فیصد سواریاں اٹھانے اور شبانہ کرفیو سبھی بیس اضلاع میں نافذ کرنے کا بھی فیصلہ لیا ہے ۔ یہ اعلانات جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر سلسلہ وار ٹویٹس میں کئے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا جموں و کشمیر کے سبھی بیس اضلاع کے بلدیاتی حدود کے اندر آنے والے علاقوں میں شبانہ کرفیو نافذ کیا جائے گا۔ یہ کرفیو پہلے دس اضلاع میں رات کے دس بجے سے صبح کے چھ بجے تک نافذ العمل تھا۔
