جموں و کشمیر میں صدر راج کے نفاذ اور دفعہ 370 کی تنسیخ کیخلاف درخواست

   

نئی دہلی ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس (جے کے پی سی ) نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے اس ریاست میں صدر راج کے نفاذ اور دستور کی دفعہ 370 کی تنسیخ کو چیلنج کیا ہے۔ سجاد لون کی زیرقیادت جے کے پی سی نے اپنے ترجمان عدنان اشرف کے ذریعہ یہ درخواست دائر کی جس میں صدر راج کے نفاذ کو غیردستوری، منسوخ و کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہیکہ ’’نامکمل اور چند خامیوں کے ساتھ جاری کردہ دستوری حکمنامہ (سی او) 272، مورخہ 5 اگست 2019ء اور اس کے بعد دستوری حکمنامہ 273 مورخہ 5 اگست 2019ء بعدازاں مزید ایک حکمنامہ 273 مورخہ 6 اگست غیردستوری ہیں کیونکہ یہ دستوری دفعات 14، 19 اور 21 کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں‘‘۔