سری نگر۔یکم ؍ نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ نے میڈیا شناخت کے ناجائز استعمال اور جعلی صحافتی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے معاملات پر سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے تمام ضلعی انفارمیشن افسران کو سختی سے نگرانی، رپورٹنگ اور کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کشمیر، سید شہنواز بخاری کی جانب سے جاری ایک سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ مختلف سرکاری محکموں، عوامی نمائندوں اور میڈیا اداروں کی جانب سے بارہا شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ بعض افراد بغیر کسی باضابطہ اجازت یا تصدیق کے خود کو صحافی ظاہر کر کے فیلڈ میں سرگرم ہیں۔ سرکیولرمیں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایسے کئی واقعات میں ان افراد نے میڈیا کے نام پر بلیک میلنگ، بدعنوانی، دباؤ ڈالنے اور غیر مصدقہ یا ہتک آمیز مواد کی تشہیر جیسے اقدامات کیے ہیں۔ بعض کیسوں میں ان کے خلاف ابتزاز اور جعلسازی کے الزامات کے تحت کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات آزاد اور مستند صحافت کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں۔