مرلی نائک کا ستیہ سائی ضلع سے تعلق، چندرابابو نائیڈو اور ریونت ریڈی کا خراج
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) جموں و کشمیر میں پاکستانی فوج کے سرحد پار سے گولہ باری میں آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے سپاہی مرلی نائک شہید ہوگئے۔ مرلی نائک کا تعلق آندھراپردیش کے سری ستیہ سائی ضلع سے ہے اور وہ جموں و کشمیر میں تعینات تھے۔ گورنٹلہ منڈل کے گڈم تانڈہ پنچایت کے کلی تانڈہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے مرلی نائک کی جمعہ کی صبح سرحد پر فائرنگ میں شہادت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دراندازوں نے پاکستانی فوج کی مدد سے یہ فائرنگ کی۔ مرلی نائک نے 2022 ء میں اگنی ویر اسکیم کے تحت فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2 دن قبل ہی وہ ناسک سے جموں و کشمیر منتقل ہوئے تھے۔ پاکستان سے کشیدگی کے بعد اُنھیں ناسک سے جموں و کشمیر میں تعینات کیا گیا تھا۔ کل رات سے ہی سرحد پر دونوں جانب سے گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے اور جمعہ کی صبح مرلی نائک فائرنگ میں شہید ہوگئے۔ مرلی نائک کے افراد خاندان کے لئے یہ خبر غم کا پہاڑ ٹوٹنے کے مماثل رہی۔ پینو کنڈہ اسمبلی حلقہ سے مرلی نائک کا تعلق رہا اور آندھراپردیش حکومت نے فوجی جوان کی شہادت پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے لئے جان قربان کرنے والے نوجوان مرلی نائک کو بھرپور خراج پیش کیا۔ اُنھوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ مرلی نائک کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اِسی دوران چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے بھی مرلی نائک کو خراج پیش کرکے کہاکہ ملک کیلئے اُن کی قربانی ہمیشہ یاد رہے گی۔ اُنھوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔1