جموں و کشمیر میں نیا سیاسی اتحاد قائم

   

سرینگر۔ 30 جون (آئی اے این ایس) جموں و کشمیر میں پیر کے روز ایک نئے سیاسی محاذ ’عوامی اتحاد برائے تبدیلی‘ کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اس اتحاد میں پیپلز کانفرنس (پی سی)، پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ (پی ڈی ایف) اور جماعتِ اسلامی کی حمایت یافتہ جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ فرنٹ شامل ہیں۔ یہ اعلان سری نگر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں پی سی کے صدر سجاد غنی لون، پی ڈی ایف کے رہنماوں اور جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ فرنٹ کے لیڈروں نے کیا۔ سجاد لون نے کہا یہ نیا اتحاد عوام کے لیے ایک قابل عمل متبادل پیش کرتا ہے۔ لوگ طویل عرصے سے مصائب جھیل رہے ہیں اور ہم تبدیلی کے لیے پرعزم ہیں۔پیپلز کانفرنس کے سینئر شیعہ لیڈر عمران رضا انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اتحاد کے رہنماوں نے کہا کہ وہ عوام کے جمہوری حقوق کے لیے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیمی ڈھانچے کا اعلان جلد ہی اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے مشترکہ طور پرکیا جائے گا۔ اتحاد کا مقصد جموں و کشمیر میں قیادت کے بحران اور جواب دہی کی کمی جیسے مسائل کو حل کرنا ہے اور ایک متبادل سیاسی وژن فراہم کرنا ہے۔ سجاد لون نے کہا جموں وکشمیر کے عوام نے بہت زیادہ تکلیفیں برداشت کی ہیں۔ موجودہ سیاسی منظرنامہ بنجر ہو چکا ہے اور ہمارا اتحاد ایک مضبوط متبادل کے طور پر سامنے آئے گا۔