جموں و کشمیر میں 15 اگست کے بعد تجرباتی 4جی سرویس

   

سرینگر: مرکزی حکومت نے منگل کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں تجرباتی طور پر 15اگست کے بعد4جی انٹرنٹ سروس مہیا کی جائے گی۔ مرکز کی جانب سے اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے جسٹس این وی رمن ، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس بی آر گوئی کی ڈیویژن بنچ کو بتایا کہ خصوصی کمیٹی نے 10اگست کو میٹنگ میں جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور قومی سلامتی کے حوالہ سے تشویش کا اظہار بھی کیا۔ وینوگوپال نے کہا کہ کمیٹی نے بھی کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں میں سخت نگرانی کے ساتھ ہائی اسپیڈ انٹرنٹ کی سہولت بحال کی جاسکتی ہے ۔ لیکن یہ علاقے دہشت گردانہ سرگرمیوں کے معاملہ میں کم متاثر ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی اس تجویز کے پیش نظر جموں و کشمیر ڈیویژن کے ایک، ایک ضلع میں 15اگست کے بعد ’’فور جی‘‘ انٹرنٹ سرویس بحال کردی جائے گی۔