جموں و کشمیر میں 2018ء میں زیادہ دراندازی

   

نئی دہلی ، 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نشین دہشت گرد گروپوں نے 2018ء میں سرحد پار سے جموں و کشمیر میں گھسنے کی 328 کوششیں کی ہیں اور ان کوششوں میں 143 مرتبہ کامیاب بھی ہوگئے، جو گزشتہ پانچ سال میں سب سے زیادہ تعداد ہے، وزارت داخلہ کی سالانہ رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی۔ وزارت کی رپورٹ برائے 2018-19ء جمعہ کو دستیاب کرائی گئی، جس میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سال 257 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جس کے دوران 91 سکیورٹی پرسونل کی جان بھی گئی۔ اس مدت میں 39 عام شہری بھی مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق دراندازی کی 328 کوششیں سرحد پار سے پاکستان سے سرگرم گروپوں کے دہشت گردوں نے کی ہیں، جن میں سے 143 میں وہ کامیاب ہوگئے۔ 2017ء میں سرحد پار سے دراندازی کی 419 کوششوں میں سے 136 کامیاب ہوئی تھیں۔ 2016ء میں 371 دراندازی کوششیں ہوئیں، جن میں 119 میں دہشت گرد گروپوں کے عناصر کامیاب ہونے کی اطلاعات وصول ہوئیں۔