جموں و کشمیر پر ہند وپاک کشیدگی میں شدت نہیں: ٹرمپ

,

   

واشنگٹن ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ایک اور ا ہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو لے کر ہند و پاک کے درمیان کشیدگی کی جو شدت پندرہ دن پہلے دیکھی جارہی تھی ، اس شدت میں اب کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر ا پنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ اگر ہند و پاک چاہیں تو امریکہ برصغیر کے دو اہم پڑوسی ممالک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی ختم کرنے اپنا تعاون پیش کرنے تیار ہے ۔ ٹرمپ کا یہ بیان 26 اگست کو فرانس میں G-7 چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم ہند نریندر مودی سے ملاقات کے بعد پہلی بار سامنے آیا ہے جہاں نریندر مودی نے واضح طور پر جموں و کشمیر مسئلہ کے حل کیلئے کسی تیسرے فریق کی شمولیت کو یہ کہہ کر مسترد کردیا تھا کہ جموں و کشمیر ہند و پاک کے درمیان پایا جانے والا مسئلہ ہے۔ پیر کے روز وائیٹ ہاؤس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف پندرہ روز قبل ہند و پاک کے درمیان جموں و کشمیر کو لے کر جو کشیدگی پیدا ہوئی تھی وہ اب موجود نہیں ہے۔ یاد رہے کہ 5 اگست کو ہندوستان نے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا تھا جس کے بعد ہند و پاک کے درمیان کشیدگی میں زبردست اضافہ ہوا تھا ۔ اخباری نمائندوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات رکھتے ہیں اور دونوں ہی وزرائے اعظم اپنے اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں اگر یہ دونوں ممالک چاہیں تو امریکہ ثالثی کے فرائض انجام دینے تیار ہے ۔ امریکہ کی پیشکش اب بھی کارکرد ہے۔