جموں و کشمیر کا بجٹ 2023-24لوک سبھا میں منظور

   

نئی دہلی: لوک سبھا نے منگل کو ندائی ووٹ سے 2023-24 کیلئے جموں و کشمیر کے مرکزی علاقہ کیلئے 1.18 لاکھ کروڑ روپے کے بجٹ کی تجاویز کو منظور کر لیا۔وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے جموں و کشمیر کیلئے 2023-24 کیلئے تخصیصی بل اور رواں مالی سال 2022-23 کے ضمنی مطالبات اور اس سے متعلق تخصیص بل پیش کرتے ہوئے اراکین پر زور دیا کہ وہ اس پر بحث کریں اور اسے پاس کریں۔بل پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے بی جے پی کے جگل کشور شرما نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس بار مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کیلئے ایک قابل ستائش بجٹ پیش کیا ہے ، جس میں وہاں کے لوگوں کی امنگوں پر پوری توجہ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جس طرح کا انتظام کیا گیا ہے ، جموں و کشمیر کے عوام کو اس کا بھرپور فائدہ ملے گا۔اپوزیشن کے نعرے کے درمیان انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس مرکزی علاقہ کی ترقی کیلئے یکم اپریل سے نئے مالی سال میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کرنے کا انتظام کیا ہے ۔ اس سے ریاست کے ہر طبقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے ایوان میں ہنگامہ برپا کرنے والے ارکان پر زور دیا کہ وہ اس اہم بل پر بحث میں شامل ہوں۔