جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی میں شیخ عبداللہ کا نمایاں رول

   

نیشنل کانفرنس کے بانی اور سابق چیف منسٹر کی برسی پر گورنر ستیہ پال ملک کا خراج

سرینگر ۔ 7 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے قومی تعمیر اور ریاست کی ترقی میں نیشنل کانفرنس کے بانی اور سابق ریاست چیف منسٹر شیخ محمد عبداللہ کی خدمات گراں قدر خدمات کو آج خراج عقیدت ادا کیا۔ گورنر ستیہ پال ملک نے شیخ عبداللہ مرحوم کی برقی کے موقع پر انہیں، ان کی خدمات کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اصلاحات اراضی جیسے کلیدی اقدام کا حوالہ دیا اور کہا کہ شیخ عبداللہ نے ریاست کی مساویانہ ترقی کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت و طبی خدمات کو بھی شیخ عبداللہ مرحوم نے اولین ترجیح دی تھی ۔ گورنر ملک کے حوالہ سے راج بھون کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’شیخ صاحب کو بہترین خراج اس صورت میں ادا کیا جاسکتا ہے کہ جموں و کشمیر کی گہرائی میں پیوست سیکولر روایات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، اخوت ، امن و دوستی کے ساتھ علاقہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے پرعزم جذبہ کے ساتھ کام کرتے ہوئے کام کرتے ہوئے ریاست کو مزید مضبوط و مستحکم بنایا جائے‘‘۔ شیر کشمیر سے معروف شیخ عبداللہ کا 8 ستمبر 1982 ء کو انتقال ہوا تھا اور اتوار کو ان کی برسی تقاریب منائی جائیں گی۔ اس موقع پر نیشنل کانفرنس کی اعلیٰ قیادت بشمول سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ اپنے فرزند عمر عبداللہ کے ساتھ شہر کے مضافات میں واقع مقبرہ نسیم باغ پہنچ کر فاتحہ خوانی کیا کرتے ہیں لیکن اس مرتبہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دستوری آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد پیدا شدہ صورتحال میں نیشنل کانفرنس کے اکثر قائدین گھر پر نظربند ہیں۔