جموں و کشمیر کی صنعتی ترقیاتی اسکیم کا اعلان ، 28,400 کروڑ کا بجٹ

,

   

روزگار پیدا کرنے اور ترقی کو مرکزی علاقہ کے دور افتادہ حصوں تک پہنچانے پر توجہ مرکوز : ایل جی سنہا

جموں : جموں و کشمیر انتظامیہ نے جمعرات کو نئی صنعتی ترقیاتی اسکیم کا اعلان کیا جس میں 28,400 کروڑ روپئے کی جملہ گنجائش رکھی گئی ہے۔ اِس اسکیم کا مقصد نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور صنعتی ترقی کو بلاک سطح تک لیجانا ہے۔ لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اعلان کیاکہ یہ دوررس نتائج کا حامل بڑا فیصلہ ہے جس میں حکومت ہند نے جموں و کشمیر کے لئے نئی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اسکیم منظور کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ اسکیم اِس خطہ کے سماجی و معاشی فروغ کے نئے دور کا نقیب ثابت ہوگی اور عوام کی اُمنگوں کی تکمیل کرے گی۔ سنہا نے کہاکہ یہ اسکیم اعلامیہ کی تاریخ کی مدت سے سال 2037 ء تک لاگو رہے گی جس میں 28,400 کروڑ روپئے کے جملہ مصارف ہوں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کوئی صنعتی ترغیبی اسکیم ترقی کو بلاک سطح تک پہنچارہی ہے اور مزید یہ کہ اِس سے جموں و کشمیر کے دور دراز کے علاقوں کو ترقی ملے گی۔ لیفٹننٹ گورنر نے کہاکہ اِس اسکیم سے نئے سرمایہ کاروں کو حوصلہ ملے گا، سہولتوں میں قابل لحاظ توسیع ہوگی اور مرکزی زیرانتظام علاقہ میں موجودہ صنعتوں کو پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا۔ اِس سے 4.5 لاکھ افراد کو روزگار فراہم ہوگا جس کے علاوہ خطہ کے لئے مساویانہ، متوازن اور دیرپا سماجی و معاشی ترقی ممکن ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی علاقہ میں مینوفیکچرنگ اور سرویس یونٹس کو فائدہ حاصل ہوگا۔ اُنھوں نے نشاندہی کی کہ اسکیم کو ہندوستانی معیشت میں جموں و کشمیر کے عظیم تر رول کو یقینی بنانے کے مقصد سے وضع کیا گیا ہے۔ یہ اسکیم جموں و کشمیر کی مقامی صلاحیتوں اور ہنرمندی کے استعمال کو بڑھاوا دینے کا موجب ہوگی۔ اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہاکہ یہ خطہ میں معیشت کو بڑی جہت دے گی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے روزگار کے بڑے مواقع فراہم کرے گی۔ روزگار پیدا کرنا ہی اِس اسکیم کا بڑا مقصد ہے۔ علاوہ ازیں مینوفیکچرنگ اور سرویس دونوں شعبوں میں سرکاری نوکریوں کی گنجائش بھی نکالی جائے گی۔ سنہا نے کہاکہ اسکیم پر عمل آٰری ایسے ویژن کے ساتھ کی جارہی ہے کہ جموں و کشمیر کی انڈسٹری اور سرویس سے مربوط ترقی کو تازہ جہت دی جائے اور اِس میں روزگار، پیداوار، ہنر کے فروغ اور پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے۔ اِس ضمن میں نئی سرمایہ کاری کے حصول اور موجودہ سرمایہ کو بہتر سے بہتر انداز میں استعمال کرنے کے جتن کئے جائیں گے۔