جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بی جے پی کا اجلاس

   

نئی دہلی ۔ /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے منگل کے دن جموں و کشمیر یونٹ کے اصل گروپ کے ایک اجلاس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے تاکہ ریاست کے سیاسی ماحول کا جائزہ لیا جائے اور ریاستی اسمبلی کے انتخابات جب بھی ہوں اس کے لئے تیار رہا جاسکے ۔ بعض ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر جینتدر سنگھ اور بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو اور بی جے پی کے یونٹ صدر رویندر رائنا اور دوسرے اس اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ یہ اجلاس بی جے پی کے قومی کارکرد صدر جے پی نڈا کی صدارت میں ہوگا ۔ قبل ازیں مادھو نے الیکشن کمیشن پر زور دیا تھا کہ وہ جموں و کشمیر کے انتخابات کا انعقاد رواں سال عمل میں لائے ۔ بی جے پی کے ریاستی یونٹ نے کہا ہے کہ انتخابات چاہیں کسی بھی وقت ہوں بی جے پی ان کے لئے تیار ہے ۔ ریاست جموں و کشمیر میں انتخابات 2014 ء میں نومبر / ڈسمبر میں ہوئے تھے ۔