جموں و کشمیر کی ٹیم کا دورہ آر ٹی اے، کاموں کا جائزہ

   

حیدرآباد 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ فراہم کی جانے والی آن لائن خدمات کے نظام کا جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ عہدیداروں نے جائزہ لیا۔ جموں و کشمیر کے ٹرانسپورٹ کمشنر پردیپ کمار کی قیادت میں عہدیداروں کی ایک ٹیم منگل کو خیریت آباد ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ٹرانسپورٹ بھون کا دورہ کیا۔اُنھوں نے ڈرائیونگ لائسنس کی بکنگ سلاٹس، لرننگ ڈرائیونگ، عام لائسنس کی اجرائی، تجدید، گاڑیوں کی ملکیت کی تبدیلی، پتہ کی تبدیلی اور لائسنس کی نقل کیلئے دی جانے والی درخواستوں کا جائزہ لیا۔ ٹرانسپورٹ کمشنر ایم آر ایم راؤ نے اُنھیں آن لائن بکنگ کے آسان طریقہ سے واقف کروایا تاکہ شہریوں کو آر ٹی اے کے دفتر پہونچے بغیر بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔