نئی دہلی ۔ /16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے بعض حصوں میں جموں و کشمیر کے طلبہ اور عوام کو ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظر مرکز نے تمام ریاستوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مقیم ان افراد کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنائیں ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کشمیری عوام اور بالخصوص طلبہ کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کل جماعتی اجلاس کو تیقن دیا تھا جس کے چند گھنٹوں بعد مرکز کی طرف سے تمام ریاستوں کے نام یہ مشاورتی نوٹ جاری کیا گیا ہے ۔ بیان کیا جاتا ہے کہ پلوامہ میں جمعرات کو ایک دہشت گرد حملے میں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوانوں کی ہلاکت کے بعد ملک کے بعض حصوں میں مقیم کشمیری طلبہ کو دھمکیاں موصول ہوئی تھیں؎۔