جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی برخاستگی پر پولیس کی سخت چوکسی

   

Ferty9 Clinic

راچہ کنڈہ اور سائبرآباد کے حساس علاقوں کا پولیس محاصرہ
حیدرآباد ۔ 5 اگست (سیاست نیوز) جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کو برخاست کرتے ہوئے کئے گئے اقدام پر راچہ کنڈہ اور سائبرآباد پولیس حدود میں سخت چوکسی اختیار کر گئی ہے۔ حساس علاقوں کو پولیس نے اپنے گھیرے میں لے لیا ہے اور زائد فورس کو تعینات کرتے ہوئے چوکسی بڑھا دی ہے۔ سائبرآباد اور راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود شہر کے نواحی علاقوں پر مشتمل ہے۔ صبح ہوئے اس اعلان کے ساتھ ہی پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ان دونوں کمشنریٹ کے حدود میں کئی حساس علاقے آتے ہیں اور پولیس نے ان علاقوں کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ سادہ لباس میں پولیس ملازمین کی گشت جاری ہے۔ سائبرآباد اور راچہ کنڈہ کے حدود میں کسی بھی قسم کے جشن، ریالیوں اور احتجاج پر پابندی لگا دی گئی ہے اور دفعہ 144 پر سختی سے عمل جاری ہے۔ سائبرآباد کے علاقہ جات راجندر نگر، مائیلاردیوپلی، شمس آباد، میاں پور، جگت گیری گٹہ اور جیڈی میٹلہ کے علاوہ موسیٰ پیٹ، بالانگر پولیس حدود کے چند مقامات آتے ہیں جبکہ راچہ کنڈہ کمشنریٹ کے تحت پہاڑی شریف، بالاپور، سرورنگر، ملکاجگری و دیگر مقامات میں سخت چوکسی اختیار کی گئی۔ اس دوران کمشنر پولیس سائبرآباد اور راچہ کنڈہ نے عوام سے درخواست کی کہ وہ پریشان نہ ہوں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں اور کسی قسم کی کوئی بے چینی نہیں پائی جاتی۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر وی سی سجنار نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ امن کو بگاڑنے کی کسی بھی قسم کی حرکت و شرارت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جلوس ریالی آتش بازی کسی بھی قسم کی کسی کو اجازت نہیں دی گئی ہے۔ تمام حساس علاقوں میں پولیس کے پیکٹس تعینات کردیئے گئے ہیں۔ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتایا کہ آرٹیکل 370 کو برخاست کرنے کے بعد راچہ کنڈہ میں سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تین سالوں کے عرصہ سے عوام کا بہترین تعاون پولیس کو حاصل رہا ہے۔ انہوں نے عوام کو پولیس سے بہتر تعاون کے عوض مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوام کو خوف و ہراسانی کی کوئی بات نہیں۔ راچہ کنڈہ پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور عوام سے خواہش کی کہ وہ ڈائیل 100 یا پھر راچہ کنڈہ کے واٹس ایپ 9490617111 پر مواد کو روانہ کریں۔