جموں و کشمیر کے خصوصی درجہ کو ختم کئے جانے کے بعد قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال بدھ کو حالات کا جائزہ لینے اور سرکاری اسکیموں کے موثر طریقہ سے نفاذ کیلئے آگے کی حکمت عملی طے کرنے کے مقصد سے ایک مرتبہ پھر وادی کشمیر پہنچے ہیں ۔ افسران نے یہ جانکاری دی ہے ۔
ادھر جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پی ڈی پی چیف محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرکے اجیت ڈوبھال کے جموں و کشمیر کے دورہ پر نشانہ سادھا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ پچھلی مرتبہ کچھ کشمیریوں کے ساتھ زبردستی بریانی فوٹو آپ کیا تھا ، اس مرتبہ مینو میں کیا ہے ؟ حلیم ؟
ادھر افسران کے مطابق اجیت ڈوبھال سینئر سیکورٹی افسران کے ساتھ ملاقات کرکے ریاست میں سیکورٹی اور ترقیات سے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے ۔ جموں و کشمیر 31 اکتوبر کو دو حصوں مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم ہوجائے گا ۔
National Security Advisor (NSA) Ajit Doval today reached Srinagar to review the security situation in Jammu&Kashmir. In Srinagar, the NSA will hold meetings with security forces & state government officials to review the situation following abrogation of Article 370. (File pic) pic.twitter.com/nXFpkM2zvh
— ANI (@ANI) September 25, 2019
تاہم ابھی یہ معلومات نہیں دی گئی ہے کہ ڈوبھال کا وادی دورہ کتنا طویل ہے ۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ پانچ اگست کو جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کے التزامات کو ہٹانے اور ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے فیصلہ کا اعلان کئے جانے کے بعد این ایس اے 11 دنوں تک وادی میں ہی ٹھہرے تھے ۔ اس دوران انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ حکومت کے فیصلہ کے بعد کوئی تشدد نہ ہو ۔