تمام ترمعمولات زندگی معطل، خوشگوار موسم کے درمیان موسلا دھار بارشوں کی پیش قیاسی
سری نگر۔ جموں و کشمیر کے سبھی اضلاع میں ہفتے کی شام سے مکمل کورونا لاک ڈاؤن نافذ رہنے سے تمام تر معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔ بتا دیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے کورونا لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جمعرات کی شام سے یونین ٹریٹری کے گیارہ اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کو جمعے کی شام سے بڑھا کر سبھی بیس اضلاع میں نافذ کر دیا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے جاری حکمنامے کے مطابق یہ لاک ڈاؤن پیر کی صبح تک جاری رہے گا۔ قبل ازیں انتظامیہ نے یونین ٹریٹری میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کے تحت بازاروں میں پچاس فیصد دکان ہی کھلے رہتے تھے اور گاڑیوں میں بھی پچاس فیصد سواریوں کو ہی سفر کرنے کی اجازت تھی۔ تاہم امکان ہے کہ پیر سے اس جزوی لاک ڈائون پر پھر سے عمل درآمد شروع ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے سری نگر اور جموں شہروں کے علاوہ قصبہ جات میں سڑکوں پر بریکیڈس کھڑا کئے گئے ہیں، گلی کوچوں میں خاردار تار بھی بچھادی گئی ہے اور سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے ۔ تاہم سال گذشتہ کے برعکس جہاں امسال لوگ بھی کورونا گائیڈ لائنز اور لاک ڈاؤن کے قواعد پر خود بھی سختی سے عمل پیرا ہیں وہیں ان کے ساتھ بھی کسی قسم کی زیادتی نہیں کی جا رہی ہے ۔ سری نگر۔ وادی کشمیر میں خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارشوں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کر دی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارش ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں5 اور6 مئی کو موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وادی میں چار مئی تک بھی موسم خراب رہ سکتا ہے جس کے باعث کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے ۔ دریں اثنا وادی میں جمعے کی شام کہیں موسلا دھار تو کہیں ہلکی بارش ہونے کے بعد ہفتے کی صبح سے موسم خشک و خوشگوار رہا۔ وادی کے دیہی علاقوں میں خوشگوار موسم کے چلتے کسانوں کو اپنے اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں مختلف کاموں میں مصروف دیکھا گیا۔ ادھر گذشتہ چند روز سے سہہ پہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے سے بجلی کا نظام در برہم ہو جاتا ہے جس کے باعث سحری اور افطار کے وقت بجلی غائب رہتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔