سری نگر : جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں اتوار کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ، جہاں مشہور ماتا ویشنو دیوی مندر واقع ہے ، میں اتوار کی صبح قریب 6 بجکر 21 منٹ پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 2.5 ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس کی گہرائی پانچ کلو میٹر تھی۔ جموں کشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتا ہے ۔کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ماہر ارضیات پروفیسر طلعت احمد نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ زون پانچ میں آنے والے علاقوں کو ہمیشہ ایک بڑے زلزلے کے لئے تیار رہنا چاہئے ۔