ڈرون کے ذریعہ حملہ کا شبہ ، دو مشتبہ مسلح افراد گرفتار، جیش محمد یا لشکرطیبہ پر شبہ ،تحقیقات جاری
جموں: جموں و کشمیر میں جموں کے ایئر فورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل ایئریا میں کل رات 5منٹ کے وقفے کے اندر 2 زوردار دھماکے ہوئے، جن کی وجہ سے ایئر فورس کے دو ملازمین زخمی ہو گئے ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ دھماکے ڈرونز کے استعمال سے کئے گئے ہیں۔ہائی سکیورٹی جموں ایئر فورس اسٹیشن میں دھماکوں کے بعد دیگر اہم ترین تنصیبات کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ۔اس دوران قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )کی تین رکنی ٹیم ایئر فورس اسٹیشن جموں پہنچ گئی ہے جہاں اس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ایک سکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ معاملے کی ہر زوایے سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ این آئی اے کے علاوہ دیگر ایجنسیاں بھی تحقیقات میں شامل ہوگئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پہلا دھماکہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب قریب ایک بجکر 45 منٹ پر ایک عمارت کی چھت پر ہوا جبکہ 5منٹ سے بھی کم وقفے کے بعد ایک اور دھماکہ کھلے میدان میں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکوں سے ایک عمارت کو نقصان پہنچا اور ایئر فورس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔ زخمی اہلکاروں کی شناخت اروند سنگھ اور ایس کے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دھماکوں کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے ۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایئر فورس سگنل کامپلکس کے قریب واقع ’ہیلی ڈسبرسل بلڈنگ‘ کو دو جگہ پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پلے لوڈ کے ساتھ ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے دھماکو اشیاء ایرفورس اسٹیشن پر گرائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ سے عمارت کی چھت اور کھڑکیوں کو کو نقصان پہنچا ہے ۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے معاملے پر فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل ایچ ایس اروڑہ سے بات کی ہے ۔ ایئر مارشل اروڑہ ازخود جموں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔اطلاع کے مطابق دو مشتبہ مسلح افراد کو اس سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے جن سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ اس واقعہ کے بعد پنجاب کے سرحدی علاقے خاص طور پر پٹھان کوٹ ایربیس کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ انٹلیجنس کی اطلاعات کے بعد پنجاب پولیس کے علاوہ بارڈر سیکوریٹی فورس اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیوں کے عملہ کو چوکس کردیا گیا۔ جموں کشمیر کی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ میں اس کو دہشت گرد حملہ قرار دیا اور اس میں جیش محمد یا لشکرطیبہ کا ہاتھ ہونے کا شبہ بھی کیا جارہا ہے۔
لشکر طیبہ کارکن 5کیلو دھماکو مادہ کے ساتھ گرفتار
جموں: جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے دعویٰ کیا ہیکہ جموں میں لشکر طیبہ کے کارکن کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 5 کیلو گرام وزنی آی ای ڈی برآمد کیا گیا ۔ اس طرح جنگجوئوں کے بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ یہ آئی ای ڈی لشکر طیبہ کے کارکن کو کسی بھیڑ بھاڑ والی جگہ پر نصب کرنے دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ گرفتار شخص سے تفتیش جا ری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے ہفتے کی شام نروال علاقے میں لشکر طیبہ کے کارکن کو دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ شخص ایک مشہور شاپنگ مال کے قریب اسلحہ، گولہ بارود اور 5کیلو گرام آئی ای ڈی سمیت گرفتار کیا گیا۔