جموں کشمیر، سرمائی کیمپ میں170 کھلاڑیوں کی شرکت

   

سری نگر۔ 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جموںکشمیر اکیڈمی آف یونیفائیڈ مارشل آرٹس کی طرف سے شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں منعقدہ تیسرے قومی سرمائی کیمپ میں قریب 170کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ جے کے اے یو ایم اے کی طرف سے ڈرگس آؤٹ، اسپورٹس ان پروگرام کے تحت مارشل آرٹس کے اشتراک سے صحت مند زندگی کے فروغ اور منشیات کے مضر اثرات کے متعلق پہلگام میں چار روزہ قومی سرمائی کیمپ منعقد ہوا۔کیمپ جس کو اے ایس سیمنٹس کا اشتراک حاصل تھا، کے دوران سری نگر میں ماہ جولائی میں منعقد ہونے والے قومی چمپئین شپ کے پیش نظر پہلے سرمائی ٹونگ ایل موڈو پرسمینارکا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سمینار ٹونگ ایل موڈو فیڈریشن آف انڈیا کے سکریٹری جنرل محمد ارشدکی سربراہی و نگرانی میں منعقد ہوا۔قومی سرمائی کیمپ جس میں دہلی، مہاراشٹرا اور جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی انہیں ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سری نگر خورشید احمد نے 13 فروری کو گندن اسٹیڈیم راجباغ سری نگر سے ہری جھنڈی دکھا ئی تھی۔کیمپ کے ایک مہتمم تنزیل احمد نے کہا ہے کہ سرمائی کیمپ منعقد کرنے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو کیمپ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔