سری نگر، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) آل جموں کشمیر پنچایت کانفرنس کے صدر انیل شرما نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں پنچایتی راج اداروں کو خود مختار اور مستحکم بنانے کے لئے 73 ویں آئینی ترمیم کو لاگو کرنا لازمی ہے ۔ یہاں ایوان صحافت میں جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران شرما نے کہا: ‘ہمارا گزشتہ دس برسوں سے مطالبہ ہے کہ ریاست جموں کشمیر میں 73 ویں آئینی ترمیم کو لاگو کیا جانا چاہئے اور جب تک یہ ترمیم یہاں لاگو نہیں ہوگا تب تک یہاں کی پنچایتیں برائے نام ہی رہیں گی’۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ 70 برسوں سے پنچایتوں کو خود مختار نہیں بنایا گیا اور آزادی کے بعد سے پنچایتوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔
