جموں کشمیر ہائی وے پر 5,000 سے زائد گاڑیوں کی آمد و رفت بند

   

جموں ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) زمینی تودے کھسکنے کے تازے واقعہ کی وجہ سے جموں ، سرینگر نیشنل ہائی وے متواتر تیسرے دن بھی بند رہی جس کی وجہ سے 5,000 سے زائد گاڑ یوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔ پولیس عہدیدار نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈگڈول اور پنتھیال کے علاقہ میں زمینی تودے کھسکنے کے چار واقعات رونما ہوئے ہیں جس کی وجہ سے رام باند ضلع کی قومی شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوئی جبکہ ہائی وے متواتر تیسرے دن آج گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند رہی۔ یاد رہے کہ پیر کو ہوئی تیز بارش کی وجہ سے موم پاسی ، ڈگڈول اور پنتھیال کے علاقوں کے راستوں میں پتھر آگئے تھے جس کی وجہ سے ٹریفک کو معطل کردیا گیا ۔ علاوہ ازیں کشمیر میں برفباری کی وجہ سے جواہر سرنگ بھی اتوار سے بند پڑی ہے۔ علاوہ ازیں جموں میں کشمیر کے لئے ناگروتا سے کسی نئی ٹریفک کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔