جموں: جموں پولیس نے جمعرات کو سنٹرل جیل کوٹ بلوال میں مشترکہ کارروائی کے دوران قیدیوں سے کم از کم 15 موبائیل فون برآمد کیے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سی آئی ڈی اور جموں پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعرات کی علی الصبح کوٹ بلوال سینٹرل جیل پر چھاپہ مارا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران قیدیوں سے کم از کم 15 موبائل فون برآمد کیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سی آئی ڈی کو مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ سینٹرل جیل کوٹ بلوال میں مقید بعض قیدی موبائل فون کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا: ‘سی آئی ڈی کی ایک ٹیم نے جموں پولیس کے ہمراہ جمعرات کی صبح کارروائی انجام دی اور کئی موبائل فون برآمد کیے’۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘معاملے کی نسبت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے’۔