جموں 18فروری (سیاست ڈاٹ کام ) جموں انتظامیہ نے پیر کے روز ساؤتھ جموں میں دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا۔ ضلع مجسٹریٹ جموں رمیش کمار نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ساؤتھ جموں کے گاندھی نگر، چھنی ہمت، ترکوٹہ نگر، ستواری اور سینک کالونی پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک کرفیو میں نرمی دی جائے گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پورے ضلع جموں میں دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی جاری رہے گی۔جموں شہر میں انتظامیہ نے جمعہ کو اس وقت کرفیو نافذ کیا جب شرپسندوں نے مسلم آبادی والے گوجر نگر اور پریم نگر میں قریب تین درجن گاڑیاں جلادیں، دیگر کئی درجن گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا اور متعدد رہائشی مکانات کے شیشے چکنا چور کردیے ۔ شرپسندوں کے اتھوں تشدد کے یہ واقعات جمعہ کو اُس وقت پیش آئے جب جموں شہر میں ہلاکت خیز پلوامہ خودکش حملے کے خلاف ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے جارہے تھے ۔ اگلے روز یعنی ہفتہ کو ترنگا بردار شرپسندوں کے ہجوم نے ایک بار پھر شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص مسلم اکثریتی جانی پورہ میں رہائشی مکانات و گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے انتظامیہ کو کرفیو کا نفاذ جاری رکھنا پڑا۔جموں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے بدستور معطل ہیں۔ اگرچہ براڈ بینڈ خدمات کو معطلی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ، تاہم ان خدمات کی رفتار دھیمی کردی گئی ہے ۔ضلع مجسٹریٹ نے پیر کے روز پریس بریفنگ کے دوران کرفیو میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ‘شہر میں صورتحال پوری طرح سے قابو میں ہے ۔ لوگوں کے مطالبے پر ساؤتھ جموں میں کرفیو میں دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک نرمی کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ گاندھی نگر (ماسوائے پولیس پوسٹ نہرو پارک و دگیانہ)، چھنی ہمت، ترکوٹہ نگر ، ستواری (ماسوائے پولیس پوسٹ بیلی چرانا اور گدی گھر) اور سینک کالونی پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو میں نرمی رہے گی‘۔انہوں نے کہا ‘دفعہ 144 بدستور نافذ رہے گا۔ لوگوں کو ایک جگہ جمع ہونے یا کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ کرفیو میں نرمی کے دوران اشیائے ضروریہ خرید لیں۔ بینکوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ایم ٹی ایم مشینوں میں پیسے دستیاب رکھیں‘۔ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ جموں کی صورتحال کے حوالے اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹوں پر نظر رکھی جائے گی اور صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے والے اخبارات کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا ‘چھوٹے سے واقعہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے ۔ ہر بار کہتا ہوں کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی’۔شہر کے تمام حساس علاقوں بشمول گوجر نگر، جانی پورہ، شہیدی چوک، تالاب کھٹیکا میں فوج کی ٹائیگر ڈویژن سے وابستہ 18 فوجی کالم تعینات ہیں۔ صورتحال کی ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ جموں کے مختلف سول سوسائٹی گروہوں بالخصوص بالخصوص جموں مسلم سول سوسائٹی نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔