کرپشن کا بڑھتا رجحان تشویشناک، جماعت اسلامی ہند کی مجلس نمائندگان کی قراردادیں
حیدرآباد۔/3 مئی، ( سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند نے ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی پامالی، کرپشن میں اضافہ اور نفرت و فرقہ پرستی کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی ہند کی مجلس نمائندگان کے اجلاس میں قومی اور بین الاقوامی مسائل پر بحث کرتے ہوئے قراردادیں منظور کی گئیں۔ جمہوریت اور جمہوری اداروں کی پامالی پر قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جمہوری قدروں کا تیزی سے زوال تشویش کا باعث ہے۔ پارلیمنٹ اور کئی ریاستی اسمبلیوں میں مباحث کے بغیر اہم قوانین منظور کئے جارہے ہیں۔ عدلیہ کی آزادی شک کے دائرے میں آنے لگی ہے۔ الیکشن کمیشن اور آر بی آئی جیسے اداروں پر حکومت کا تسلط بڑھتا جارہا ہے۔ مخالفین کی آواز دبانے کیلئے سرکاری ایجنسیوں کا استعمال ہورہا ہے۔ میڈیا جو ملک کا ضمیر ہوتا ہے تیزی سے اپنا کردار کھوتے ہوئے حکومت کا ترجمان بنتا جارہا ہے۔ پولیس کی موجودگی میں قتل کی وارداتیں، فرضی انکاؤنٹرس، زیر حراست قتل اور دیگر سنگین جرائم میں اضافہ ہوچکا ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے عوام سے اپیل کی کہ صورتحال کی سنگینی کو محسوس کریں اور آواز بلند کریں۔ عدالتوں اور جمہوری اداروں کے عہدیدار اپنی آزادی کو مجروح ہونے نہ دیں۔ جماعت اسلامی نے بڑھتے کرپشن پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تازہ ترین انڈیکس میں ہندوستان 85 ویں مقام پر ہے۔ بینکنگ فراڈ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ الیکٹورل بانڈز کے نام پر سیاسی فنڈنگ کے طریقہ کار پر جماعت اسلامی نے تشویش کا اظہار کیا۔ الیکٹورل بانڈز اسکیم سے سیاسی پارٹیوں کو تاحال 10791 کروڑ روپئے حاصل ہوچکے ہیں۔ کرپشن کی اہم وجہ اخلاقی پستی اور جوابدہی کے احساس سے دوری ہے۔ کرپشن کے خاتمہ کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہیئے۔ فرقہ پرستی اور منافرت میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا کہ اقتدار کیلئے فرقہ پرستی اور نفرت کو فروغ دیا جارہا ہے۔ میڈیا، تعلیمی ادارے اور عوامی ادارے آلہ کار کے طور پر استعمال ہورہے ہیں۔ بعض مرکزی وزراء بھی نفرت اور فرقہ پرستی کے ذمہ دار ہیں۔ ملک میں مسلمانوں کے علاوہ عیسائی اور دلت فرقہ پرستوں کے نشانہ پر ہیں۔ جماعت اسلامی نے نفرت پر مبنی تقاریر کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے حالیہ احکامات کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ بروقت کارروائی کرے گا۔ ملک کے تمام انصاف پسند افراد کو فرقہ پرستی کے خلاف آگے آنا چاہیئے۔ جماعت اسلامی نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔ر