جمہوریت میں آواز اٹھانا جرم نہیں : پرینکا

,

   

اعظم گڑھ میں سی اے اے کے خلاف احتجاج کرنے والوں سے ملاقات

لکھنؤ ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے آج کہاکہ جمہوریت میں احتجاج اور آواز اٹھانا کوئی جرم نہیں ہے۔ سماج وادی پارٹی کے گڑھ سمجھے جانے والے اعظم گڑھ میں پرینکا گاندھی نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں سے ملاقات کی۔ کانگریس قائد کا اعظم گڑھ میں ایسے وقت دورہ ہورہا ہے جب سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو کے حلقہ میں ان کے پوسٹرس گم ہوگئے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں بھی کہا کہ جمہوریت میں کسی مسئلہ پر آواز اٹھانا جرم نہیں ہے اور ان کے ساتھ کھڑا ہونا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے ساتھ ظلم ہورہا ہے وہ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اعظم گڑھ کے مولانا جوہر پارک علاقہ میں خواتین کی بڑی تعداد نے گذشتہ ہفتہ شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف احتجاج کیا تھا لیکن پولیس نے انہیں زبردستی وہاں سے ہٹا دیا تھا۔ 35 افراد کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کی جبکہ احتجاج میں شامل 100 سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ 20 افراد کو اس سلسلہ میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔