کولمبیا میں انجینئرنگ کے طلبا سے راہول گاندھی کا خطاب‘ بی جے پی کی تنقید
بوگوٹا ۔2؍ٔ اکتوبر( ایجنسیز )لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے اپنے کولمبیا دورہ کے موقع پر ہندوستانی وزیر اعظم اور برسراقتدار طبقہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کولمبیا کے ای آئی اے یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے طلبا کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت پر حملہ ہندوستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں کئی مذاہب، روایات، زبانیں ہیں اور جمہوری نظام سبھی کیلئے جگہ فراہم کرتا ہے۔ لیکن اس وقت جمہوری نظام ہر طرف سے حملہ کی زد میں ہے۔راہول گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران عالمی منظرنامہ میں ہندوستان اور چین کی اہمیت سے متعلق ایک سوال کا بھی بے باکانہ انداز میں جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں 1.4 ارب لوگوں کی موجودگی ہے جن میں بے پناہ صلاحیت ہے لیکن ہندوستان کا سسٹم چین سے پوری طرح مختلف ہے کیونکہ یہاں کئی طرح کی زبانیں، ثقافتیں، روایات اور مذاہب ہیں۔ اس لیے ہندوستان کا سسٹم تھوڑا پیچیدہ ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ ہندوستان دنیا کو بہت کچھ دے سکتا ہے لیکن ہندوستانی ڈھانچے میں کچھ خامیاں ہیں، کچھ جوکھم ہیں، جن سے ہندوستان کو آگے بڑھناہوگا۔ سب سے بڑا جوکھم جمہوریت پر ہو رہا ہول سیل حملہ ہے۔ انھوں نے چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم وہ نہیں کر سکتے جو چین کرتا ہے۔ لوگوں کو دبانا اور ایک تاناشاہی نظام چلانا ہندوستان کا ڈھانچہ قبول نہیں کرے گا۔ہندوستان کو دیکھا جائے تو وہ چین کا پڑوسی اور امریکہ کا بڑا شراکت دار ہے۔ ہم ٹھیک اس جگہ پر بیٹھے ہیں جہاں دونوں طاقتیں آپس میں ٹکرا رہی ہیں۔راہل گاندھی نے 2016 میں بی جے پی حکومت کی نوٹ بندی کی پالیسی پر بھی تنقید کی اور اسے ناکامی قرار دیا تھا۔ انہوں نے اس خیال کے ساتھ کرنسی کو ختم کیا کہ وہ نقدی سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ایک پالیسی کے طور پر یہ ایک ناکامی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تین سے چار کاروبار پوری معیشت کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں اور ان کا وزیر اعظم کے ساتھ براہ راست تعلق ہے۔ ہندوستان میں بدعنوانی عروج پر ہے ۔ ادھرراہول گاندھی کے ریمارکس پر حکمراں بی جے پی کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے ۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے کانگریس قائد پر سخت تنقید کی۔بی جے پی کے قومی ترجمان پردیپ بھنڈاری نے بھی کانگریس لیڈر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ہندوستان مخالف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان 4 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن چکا ہے اور راہول گاندھی چوتھی سب سے بڑی معیشت اور جمہوریت پر تنقید کرتے ہیں۔ بی جے پی قائدگورو بھاٹیہ نے کہا کہ راہول گاندھی نے غیر ملکی سرزمین پر ہندوستان کو نیچا دکھایا۔لندن میں ہماری جمہوریت کو بدنام کرنے سے لے کر امریکہ میں ہمارے اداروں کا مذاق اڑانے تک، اب کولمبیا میں وہ عالمی سطح پر ہندوستان کی توہین کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے غیر ملکی سرزمین سے حکمراں پارٹی پر حملہ کیا ہو۔ برسوں کے دوران، راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو نشانہ بنانے کیلئے بار بار بیرون ملک پلیٹ فارمز کا استعمال کیا۔