جمہوریت کو خطرہ ، این سی پی کا بی جے پی کو انتباہ

   

ممبئی ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی نے اپنے سربراہ شردپوار کے خلاف بی جے پی حکومت کی طرف سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ( ای ڈی) مقدمہ دائر کرنے اور اس مرکزی ادارہ کے حکام کی یہاں آمد سے قبل این سی پی کارکنوں کی ان کے دفتر سے گرفتاریوں پر سخت انتباہ دیا اور کہا کہ بی جے پی پر اقتدار کا نشہ طاری ہے ۔ ملک کی جمہوریت خطرہ میں ہے اور ان حالات میں جمہوریت بہت جلد معدوم ہوجائے گی ۔ کانگریس نے جو این سی پی کی حلیف ہے اس ضمن میں مودی حکومت کی سخت مذمت کی اور الزام عائد کیا کہ وہ مہاراشٹرا میں آئندہ ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل شردپوار کو نشانہ بنارہی ہے ۔ این سی پی میں پدرانہ موقف کے حامل شردپوار نے دو دن قبل اعلان کیا تھا کہ وہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے اجلاس پر حاضر ہوں گے ۔ جہاں ان اور چند دوسروں کے خلاف رقمی ہیرپھیر کے الزامات وضع کئے گئے ہیں ۔ مہاراشٹرا اسٹیٹ کوآپریٹیو (ایم ایس سی) بینک اسکام کے ضمن میں یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔