اقتدار کا غلط استعمال کر کے بی جے پی گورنروں کی تقرری کر رہی ہے، چدمبرم کا الزام
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے مرکز کی مودی حکومت کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آج چدمبرم نے گورنروں کی تقرری اور ان کے طریقہ کار کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اقتدار کا غلط استعمال کر کے بی جے پی گورنروں کی تقرری کر رہی ہے اور یہ لوگ جمہوریت کو روندنے کا کام کر رہے ہیں۔ چدمبرم کا یہ بیان تمل ناڈو کے گورنر آر این روی کی ریاستی کابینہ کے ذریعہ پاس بلوں کو روکے رکھنے کے ان کے اختیارات پر کیے گئے تبصرہ کے بعد سامنے آیا ہے۔ دراصل جمعرات کے روز چینائی راج بھون میں ’تھنک ٹو ڈیئر‘ سیریز کے تحت سیول سرویس کے امیدواروں کے ساتھ بات چیت کے دوران گورنر روی نے کئی مسائل پر اپنی بات رکھی۔ اس دوران انھوں نے صدر جمہوریہ کی منظوری کے لیے ان کے پاس بھیجے جانے والے اسمبلی بلوں پر تبصرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے آنے والے بل کو لے کر گورنر کے پاس تین متبادل ہوتے ہیں۔پہلا- منظوری دیں، دوسرا- روک لیں، جس کا مطلب ہے بل مر چکا ہے، جسے سپریم کورٹ اور آئین نامنظوری کے لیے مہذب زبان کے طور پر استعمال کرتا ہے، اور تیسرا- صدر جمہوریہ کے لیے بل ریزرو کرتا ہے۔ یہ گورنر کی دانشمندی پر ہوتا ہے کہ وہ کیا فیصلہ لیتا ہے۔گورنر وی کے تبصرے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے چدمبرم نے کہا کہ تمل ناڈو کے گورنر نے مقننہ کے ذریعہ پاس بلوں پر منظوری کو روکنے کیلئے ایک ’عجیب‘ تعریف پیش کی ہے اور کہا ہیکہ اس کا مطلب ہیکہ ’بل مر چکا ہے‘۔ درحقیقت جب کوئی گورنر بغیر کسی آئینی وجہ کے اسمبلی کے ذریعہ پاس بل کو روکتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ’پارلیمانی جمہوریت مر چکی ہے۔ساتھ ہی چدمبرم نے یہ بھی کہا کہ گورنر منظوری دینے یا حمایت واپس لینے یا بل واپس کرنے کیلئے مجبور ہے۔ اگر بل پھر سے پاس ہو جاتا ہے تو گورنر منظوری دینے کیلئے مجبور ہوتا ہے۔چدمبرم نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ گورنر صرف ایک آئینی عہدیدار ہے اور علامتی سربراہ ہے۔ گورنر کے اختیارات سنگین طور سے پابند ہیں اور بیشتر معاملوں میں ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔ چدمبرم کا کہنا ہے کہ ایک گورنر وزیر اعلیٰ اور وزرا کونسل کی مدد اور مشورے پر کام کرنے کیلئے مجبور ہے۔ لیکن ابھی اپنے اختیارات کی خلاف ورزی کر کے بی جے پی کے ذریعہ تقرر کردہ گورنر جمہوریت کو روند رہے ہیں۔