نئی دہلی: لوک سبھا انتخاب میں بہارکے وزیر اعلی نتیش کمار کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے بہار مدرسہ بورڈ کے سا بق چیرمین، بہار قانون ساز کونسل کے سابق کارگزار چیرمین اور جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر سلیم پرویز نے کہاکہ بہار میں امن و امان اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے نتیش کمار کے ہاتھ کو مضبوط کریں۔ یہ بات انہوں نے بہار کے مدارس کے پرنسپل اور اساتذہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بہار کے لوک سبھا انتخاب میں جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اگر بہار ترقی کی راہ پر گامزن ہے تو یہ نتیش کمار کی خوش انتظامی کی دین ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں امن و مان ہے ، سکون ہے ، جرائم میں کمی آئی ہے ، فرقہ وارانہ ماحول نہیں ہے اور بہار حکومت نے کبھی اس کو ابھرنے نہیں دیا اور کبھی سر اٹھایا تو اسے کچل دیا۔کیوں کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کے لئے لازم ملزوم ہے ۔ امن ہوگا تو ترقی ہوگی اور بدامنی میں کبھی ترقی پییر نہیں پسارتی۔ انہوں نے کہاکہ یہ نتیش کمار کی ہی ذات ہے کہ جنہوں نے قبرستان کی گھیرا بندی کی اور بہار کے سرکاری مدارس کی ترقی اور فلاح و بہبود پر بھرپور توجہ مرکوز کی۔ سلیم پرویز نے کہاکہ بہار کے وزیر اعلی ہمیشہ جمہوریت کو بچانے میں پیش پیش رہے ہیں۔