جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہر رائے دہندہ ووٹنگ میں حصہ لے: وکاس راج

   

ہوم ووٹنگ سنٹر کا معائنہ، گریٹر حیدرآباد میں 479 سرکاری ملازمین نے بیالٹ پیپر سے ووٹ دیا
حیدرآباد 6 مئی (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہاکہ ہر رائے دہندے کو جمہوریت کے تحفظ کے لئے انتخابی عمل میں حصہ لے کر ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے۔ وکاس راج نے گن فاؤنڈری میں واقع آل سینٹس اسکول میں قائم کردہ پوسٹل بیالٹ سنٹر کا معائنہ کیا۔ اُنھوں نے اسٹرانگ روم، ڈیٹا انٹری کے علاوہ پوسٹل بیالٹ کے استعمال کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے وکاس راج کو پوسٹل بیالٹ سے استفادہ کرنے والے رائے دہندوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اِس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وکاس راج نے کہاکہ الیکشن ڈیوٹی پر موجود عہدیداروں اور ملازمین کے لئے پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 3 مئی سے اِس کا آغاز ہوا اور 8 مئی تک سرکاری ملازمین پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ ووٹنگ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام پولنگ اسٹیشنوں میں رائے دہندوں کی سہولت کے لئے بنیادی ضروریات کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں پینے کے پانی، دھوپ سے بچاؤ کیلئے شیڈ، میڈیکل ٹیم، شامیانہ، او آر ایس کے پیاکٹس شامل ہیں۔ تمام اضلاع کے الیکشن آفیسرس کو اِس سلسلہ میں ہدایت دی گئی ہے۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ شدید گرمی کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے رائے دہندوں کو پولنگ اسٹیشن تک پہونچنے میں تعاون کریں۔ وکاس راج کے مطابق اتوار تک ہوم ووٹنگ 50 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔ اُنھوں نے رائے دہندوں سے کہاکہ 13 مئی کو ووٹ کے استعمال کے لئے بہرصورت گھر سے باہر نکلیں۔ جی ایچ ایم سی کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے بتایا کہ حیدرآباد اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں کے علاوہ کنٹونمنٹ کے اسمبلی حلقہ میں ضمنی چناؤ کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ لوک سبھا کے دونوں حلقہ جات میں ہوم ووٹنگ کے تحت 571 ووٹرس میں سے 479 نے اتوار تک اپنے ووٹ کا استعمال کرلیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے تمام اضلاع میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے شعور بیداری مہم جاری ہے۔ اِس موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد کے سرینواس ریڈی، حیدرآباد کے ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر انودیپ درشٹی اور دوسرے موجود تھے۔ 1