یوم تاسیس منانے والی ریاستوں کو کانگریس قائد کی مبارکباد
نئی دہلی :کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے ان ریاستوں کو مبارکباد دی ہے جو پیر کو اپنا یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’جمہوری اقدار کو کسی بھی قیمت پر تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ریاستوں کو اس کے لیے تیار کیا گیا تھا۔‘‘ انھوں نے پیر کے روز ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ہندوستان میں ہر ریاست کی تشکیل جمہوری اقدار کی بنیاد پر ہوئی تھی، جسے ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے بھائیوں اور بہنوں کو ان کی ریاست کی تشکیل کے دنوں کے لیے مبارکباد۔‘‘قابل ذکر ہے کہ آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، ہریانہ، کرناٹک، کیرالہ، مدھیہ پردیش، پنجاب، لکشدیپ اور پڈوچیری اپنا یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ اس سے قبل ہفتہ کو راہول گاندھی نے پنجی(گوا) میں بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ غصہ، نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے پر پقین کرتی ہے۔ راہول گاندھی نے جنوبی گوا کے ویلساو گاوں میں ماہی گیروں کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ بہت واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان کیا فرق ہے۔ کانگریس پورے ہندوستان کے لوگوں کو متحد کرنے اور انھیں ایک ساتھ آگے لے جانے میں یقین کرتی ہے۔راہول گاندھی نے اس دوران یہ بھی کہا تھا کہ ’’ان (بی جے پی) کی نفرت کے تئیں ہمارا رد عمل محبت اور پیار ہے۔ اس لیے جہاں بھی وہ غصہ، تقسیم کی کوشش کرتے ہیں، ہم محبت اور پیار پھیلاتے ہیں اور ہم لوگوں کو متحد کرتے ہیں۔