جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے ایم ایل سی الیکشن میں حصہ لینے فیصلہ: پونم پربھاکر

   

حیدرآباد : 23 اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ اور حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے کانگریس نے مجالس مقامی حیدرآباد ایم ایل سی نشست کے الیکشن میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ رائے دہی کے آغاز سے عین قبل کانگریس پارٹی نے مجلس بلدیہ کے اپنے ووٹرس کو ہدایت دی کہ وہ رائے دہی میں حصہ لیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ 112 رائے دہندوں میں مجلس کو 50 ووٹرس کے ساتھ عسکریت حاصل ہے۔ بی جے پی اور بی آر ایس کو فی کس 24 ارکان ہیں جبکہ کانگریس ارکان کی تعداد 14 ہے۔ بی آر ایس نے الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا جبکہ بی جے پی نے الیکشن کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔ پونم پربھاکر نے مرکزی وزیر بنڈی سنجئے کمار پر سخت تنقید کی جنہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ ہندوتو کے لیے بی جے پی کے حق میں ووٹ دیں۔ بنڈی سنجئے کمار کا بیان انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور کانگریس پارٹی الیکشن کمیشن سے اس سلسلہ میں شکایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹرس کی قیام گاہوں کے روبرو بی جے پی کی جانب سے فرقہ وارانہ پیامات پر مشتمل بیانرس آویزاں کئے گئے جو افسوسناک ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر بنڈی سنجئے کے خلاف کارروائی کرے۔ 1