ورزش کیلئے جسم کو بڑھانے کیلئے اسٹرائیڈ کا استعمال نقصان دہ
حیدرآباد : کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں اسٹیرائیڈ کی غیرقانونی فروخت میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 14 لاکھ مالیتی مال برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی رادھا کشن راؤ نے کہا کہ 32 سالہ محمد زبیر ساکن افضل ساگر حبیب نگر جو پیشہ سے فٹنس ٹرینر ہے اپنے ساتھی 21 سالہ محمد مصطفیٰ ساکن ہمایوں نگر ، وجئے نگر کالونی کے ہمراہ اسٹیرائیڈ کا کاروبار کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد زبیر گزشتہ 12 سال سے فٹنس ٹرینر کی حیثیت سے کام کررہا ہے اور اُسے جسم کو بڑھانے والی دوائیاں اسٹیرائیڈ وغیرہ کے بارے میں کافی معلومات ہیں ۔ اُس نے اسٹیرائیڈ کا کاروبار شروع کیا اور خواہشمند افراد کو یہ اسٹیرائیڈ فراہم کررہا تھا ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ ورزش کیلئے جم جانے والے نوجوان اپنے جسم کو بڑھانے کیلئے اسٹیرائیڈ کا استعمال کرتے ہیں لیکن اس کے اثرات گردوں ، قلب اور جگر کیلئے انتہائی مضر ہوتے ہیں ۔ ان اسٹیرائیڈ کا غیرقانونی کاروبار کرنے کی اطلاع پر ٹاسک فورس پولیس نے محمد زبیر اور اُس کے ساتھی محمد مصطفی کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضے سے 14 لاکھ مالیتی اسٹیرائیڈ ، 3 موبائیل فون اور 3500 نقد رقم ضبط کرلی ۔