جناب زاہد علی خاں ، آصف پاشاہ ، لکشمی دیوی راج کو باوقار ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ

,

   

غلام یزدانی اور امین الحسن جعفری بھی شامل ، پروفیسر نسیم الدین فریس کو مخدوم ایوارڈ
کارنامہ حیات ایوارڈ کے لیے 21 شخصیتوں کا انتخاب ، رویندرا بھارتی میں کل تقریب ، چیف منسٹر ریونت ریڈی ایوارڈ پیش کریں گے
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے 5 ممتاز شخصیتوں کو نمایاں خدمات پر مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مولانا آزاد سے موسوم باوقار قومی ایوارڈ کے لیے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب سید آصف پاشاہ سابق وزیر ، محترمہ لکشمی دیوی راج ، سینئیر ایڈوکیٹ جناب غلام یزدانی اور جناب امین الحسن جعفری کا انتخاب عمل میں آیا ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 11 نومبر کو رویندرا بھارتی آڈیٹوریم میں ’ یوم قومی تعلیم و یوم اقلیتی بہبود ‘ میں ایوارڈس پیش کریں گے ۔ مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کو ہر سال یوم قومی تعلیم اور یوم اقلیتی بہبود کے طور پر منایا جاتا ہے اور اقلیتوں کی تعلیمی ، سماجی اور ملی خدمات پر نمائندہ اور ممتاز شخصیتوں کو باوقار قومی ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے ۔ 2019 سے 2023 تک 5 برسوں کے قومی ایوارڈس یافتگان کا ماہرین پر مشتمل ججس کی کمیٹی نے انتخاب کیا۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے اس موقع پر باوقار مخدوم ایوارڈ اور کارنامہ حیات ایوارڈس بھی پیش کئے جائیں گے ۔ تحقیق و تنقید زمرہ میں مخدوم ایوارڈ برائے 2024 کے لیے پروفیسر نسیم الدین فریس کا انتخاب عمل میں آیا ۔ کارنامہ حیات ایوارڈس کے لیے مختلف زمروں میں 21 شخصیتوں کو منتخب کیا گیا ۔ 2021 سے 2023 تک شاعری ، فکشن ، تحقیق و تنقید ، تعلیم ، فروغ اردو اور صحافت کے شعبہ میں ہر سال 7 شخصیتوں کو ایوارڈس پیش کئے جاتے ہیں ۔ گذشتہ 3 برسوں کے ایوارڈس کے لیے جن شخصیتوں کا انتخاب عمل میں آیا ان میں انجنی کمار گوئل ، طیب پاشاہ قادری ، معین الدین امربمبو ، ایلزبتھ کورین ، اطیب اعجاز ، افسر عثمانی ، ثریا جبین ، حمید عادل ، عبدالقدوس رضوان ، ڈاکٹر اطہر سلطانہ ، ڈاکٹر ایم اے قدیر ، ڈاکٹر محمد عبدالقوی ، جعفر جری ، چاند بی بی ، محمد محبوب ، شیخ احمد ضیا ، محمد رفیع الدین فاروقی ، رفیعہ نوشین ، احمد علی خاں ، محمد جاوید علی اور رفیق شاہی شامل ہیں ۔ کارنامہ حیات کے تحت شاعری میں امجد حیدرآبادی ، سعید شہیدی ، فکشن میں آغا حیدر حسن تحقیق و تنقید میں پروفیسر حبیب الرحمن ، فروغ اردو میں سرینواس لاہوٹی اور صحافت کے زمرہ میں محبوب حسین جگر ایوارڈس دئیے جاتے ہیں ۔ مولانا آزاد قومی ایوارڈ 2008 سے دیا جارہا ہے جس کے تحت 2 لاکھ 25 ہزار روپئے ، توصیف نامہ اور مومنٹو دیا جائے گا ۔ مخدوم ایوارڈ 1980 سے دیا جارہا ہے جس کے تحت 2 لاکھ روپئے اور توصیف نامہ دیا جائے گا ۔ کارنامہ حیات ایوارڈ کے تحت 50 ہزار روپئے اور توصیف نامہ دیا جاتا ہے ۔ رویندرا بھارتی میں تقریب کا 11-30 بجے دن آغاز ہوگا ۔ جس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے شرکت کرینگے ۔۔1