بے شمار زبانوں کی خبروں کا ترجمہ اب آسان ہوگیا
حیدرآباد 18 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) : دنیا میں جہاں جہاں اردو اور اردو کی بستیاں ہیں وہاں روزنامہ سیاست بڑے شوق اور دلچسپی سے پڑھا جاتا ہے ۔ قارئین سیاست تک سیاست اخبار کی شکل میں پہنچتا ہے تو ای پیپر کی شکل میں بھی اپنے قارئین کو مذہبی ، سیاسی ، سماجی ، تعلیمی ، تجارتی ، اقتصادی ، سائنس و ٹکنالوجی اور ماحولیات سے کھیل کود ، طب و قانون غرض ہر قسم کی خبروں سے روشناس کرواتا ہے ۔ روزنامہ سیاست صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے ان چنندہ اردو اخبارات میں سرفہرست ہے جنہوں نے خود کو نت نئی ٹکنالوجیز اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔اب روزنامہ سیاست نے سیاست ٹرانسلیٹر لانچ کیا جس کا مشاہدہ نہ صرف جلد ہی آپ ویب سائٹ پر کرسکتے ہیں بلکہ اردو ، انگریزی ، تلگو ، ٹامل ، کنڑ ، ملیالم خبروں کا ہندی اور شمالی ہند کی زبانوں میں تراجم کرسکتے ہیں ۔ یہ ٹرانسلیٹر اردو اخبارات و رسائل کیلئے کافی ثمر آور ثابت ہوگا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے اپنے فرزند دلبند جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی سالگرہ کے پرمسرت موقع پر سیاست ٹرانسلیٹر لانچ کیا۔ انہوں نے جناب عامر علی خاں کو مشورہ دیا کہ عربی اور فارسی خبروں (اخبارات ) کے تراجم کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ہندوستان کی خبریں عرب دنیا کے ساتھ فارسی داں مرد و خواتین تک پہنچ سکیں ۔ سیاست ٹرانسلیٹر کی تیاری میں ای بھاشا سیٹو لینگویج سرویسیس پرائیوٹ لمٹیڈ کے بانی و پروموٹر راشد احمد کا اہم کردار رہا ۔ سیاست ٹرانسلیٹران لوگوں کیلئے ایک نعمت غیر مترقبہ ثابت ہوگا جو گوگل ٹرانسلیٹراستعمال کرتے تھے ۔ اب وہ سیاست ٹرانسلیٹر استعمال کرسکیں گے ۔ ڈائرکٹر ای بھاشا سیٹو راشد احمد ، ڈائرکٹر سیاست ہب جناب زاہد فاروقی ، منیجرس سیاست ہب مسٹر اسنیہت ، سائی شری ، ثنا خاتون انچارج جاب پلیسمنٹ سیل ، ڈاکٹر صابر علی خاں ، جناب اصغر علی خاں ، جناب فخر علی خاں ای او او سیاست ٹی وی ، نوید احمد خاں ، محمد ریاض احمد سیاست ٹی وی ، مبشر الدین خرم ، ایس ایم بلال رپورٹرس سیاست اور امرجیوتی انوسٹرینکر اور ابومظہر خالد بھی موجود تھے ۔ جناب عامر علی خاں نے بتایا کہ سیاست ٹرانسلیٹر دراوڑین لینگویجس اور آریائی زبانوں کے درمیان پل کا کام کرے گا اور شمالی ہند کے عوام کو جنوبی ہند میں رونما ہونے والے واقعات کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا ۔