حیدرآباد/13 اگسٹ ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے منیجنگ ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب ظہیر الدین علی خاں اور انقلابی شاعر غدر کو خراج عقیدت پیش کرکے ان کی عوامی خدمات کی یاد تازہ کی۔ بوئن پلی میں گاندھی آئیڈیالوجی سنٹر میں منعقدہ پرجا کورٹ کے موقع پر تشہیری کمیٹی صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے تعزیتی قرارداد پیش کی۔ انہوں نے جناب ظہیر الدین علی خاں سے اپنی دیرینہ رفاقت کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ کمزور طبقات کو انصاف دلانے میں سرگرم رہے۔ تلنگانہ تحریک میں ان کا غیر معمولی رول رہا۔ غدر سے گہری دوستی تھی اور عوامی مسائل پر تقریباً ہر ہفتہ مشاورت ہوتی۔ مدھو یاشکی گوڑ نے جناب ظہیر الدین علی خاں کے انتقال کو عوامی تحریکات کا بھاری نقصان قرار دیا۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے پرگتی بھون میں غدر کو داخلہ کی اجازت نہیں دی جس کا انہیں کافی صدمہ تھا۔ غدر نے تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر کی مکمل تائید کی تھی لیکن تشکیل تلنگانہ کے بعد انہیں نظر انداز کردیا گیا۔اس موقع پر دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔