جناب ظہیر الدین علی خاں کو ڈاکٹر فصیح الدین علی خاں و سید مظہر حسینی کا خراج عقیدت

   

حیدرآباد13۔اگسٹ(سیاست نیوز) جناب ظہیر الدین علی خان کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے ‘ ظہیر الدین علی خان جذبہ خدمت سے سرشار شخصیت تھی اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کی خدمات کی تشہیر ہو۔ صدر انڈو برٹش ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ڈاکٹر فصیح الدین علی خان نے لندن سے روانہ تعزیتی پیام میں کہا کہ وہ ظہیر الدین علی خان کی تعلیمی میدان میں خدمات سے واقف ہیں اور جب کبھی حیدرآباد آتے تو ظہیر صاحب سے ملاقات میں وہ اپنی سرگرمیوں اور نوجوانوں کی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ۔انہوں نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کے علاوہ جناب ظہیر الدین علی خان کے فرزندان جناب اصغر علی خان اور جناب فخرعلی خان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اللہ انہیں صبر جمیل عطاء کرے اور مرحوم کی قبر کو نورسے بھر دے۔ڈاکٹر فصیح الدین علی خان نے بتایا کہ ظہیر الدین علی خان کے اچانک انتقال سے لندن میں انکے جاننے والوں و حیدرآبادیوں پر سکتہ طاری ہے۔ اسی طرح جناب سید مظہر حسینی سی ای او SEED امریکہ نے بھی تعزیتی پیام میں رنج اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذات میں ایک انجمن کے علاوہ ترقیاتی منصوبوںکے محرک تھے اور مسلم نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔