جناب عامر علی خان سے اقلیتی طبقہ کی توقعات وابستہ

   

ایم ایل سی عہدہ دئے جانے کا خیرمقدم ، معززین محبوب نگر کا بیان

محبوب نگر /31 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان کو ایم ایل سی عہدہ دئے جانے پر محبوب نگر کے دانشوروں صحافی حضرات، ماہرین تعلیم اور اردو داں طبقہ میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے اور روزآنہ مبارکبادی کے پیامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈاکٹر بشیر احمد پرنسپل کالج آف ایجوکیشن پالمور یونیورسٹی محبوب نگر نے اپنے پیام میں عامر علی خان کو ایک بے باک صحافی کے علاوہ قوم و ملت کی دردمند شخصیت قرار دیا اور کہا کہ وراثت میں ان کو نہ صرف صحافت بلکہ ملی مسائل خصوصاً ملت کے نوجوانوں کو عصری اعلی تعلیم سے آراستہ کرنا اور ملازمتوں کیلئے جہد مسلسل شامل ہے ۔ سرکاری مسابقتی امتحانات ہوں یا پولیس رکروٹمنٹ فزیکل فٹنس اور تحریری امتحان کیلئے ریٹائرڈ پولیس اعلی عہدیدراوں کی خدمات حاصل کرکے تربیت دی جارہی ہے ۔ ان سے پوری توقع کی جاسکتی ہے کہ ایم ایل سی کا عہدہ ان کی موثر نمائندگیوں اور جہد مسلسل میں بڑا معاون ثابت ہوگا ۔ محبوب نگر کے سینئیر جرنلسٹ محمد عبدالرافع ذکی اسٹاف رپورٹر منصف اور مولانا محمد محسن پاشاہ قادری انصاری نقشبندی ایڈیٹر ادراک نے نیوز ایڈیٹر سیاست کو ایم ایل سی عہدہ دئے جانے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا کہ کانگریس کا فیصلہ ’’ دیر آید دردست آید ‘‘ کے مصداق ہے ۔ موصوف ایک فعال اور متحرک نیوز ایڈیٹر ہیں ۔ زبردست سماجی جہد کار بھی ہیں اور اقلیتی طبقہ اب ان سے بڑی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں ۔ بارگاہ خداوندی میں ہم ہدیہ تشکر بجالاتے ہیں کانگریس حکومت سے اظہار ممنونیت کرتے ہیں اور عامر علی خان صاحب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔